اداریہ
ترجیحات کا پہلا شمارہ آپ کے ہاتھوں میں ہے ۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ اردو میں بے شمار رسالے اور جریدے شائع ہورہے ہیں ، ایک زندہ اور مقبول زبان کی یہ پہچان ہے ۔ ’’ترجیحات‘‘ ایک نیا اضافہ ہے ۔ اس رسالے کا مقصد نئی نسل اور مہجری ادیبوں کی نگارشات کو نمایاں طور پر اجاگر کرنا ہے ۔ترجیحات کا آ ن لائن ایڈیشن مستقبل قریب پرنٹ ایڈیشن کے طور پر بھی منظر عام پر آئے گا۔ورلڈ اردو ایسوسی ایشن کی جانب سے شائع ہونے والے اس رسالے کے اغراض و مقاصد کے ساتھ ایسوسی ایشن کا تعارف بھی ضروری ہے ۔ ورلڈ اردو ایسوسی ایشن (نئی دہلی۔ انڈیا) کا تعارف ورلڈ اردو ایسوسی ایشن ،نئی دہلی ایک غیر سرکاری اورخود مختار ادبی تنظیم ہے۔دنیا بھر میں اردو کے احباب، ادارے اور تنظیموں سے اشتراک و تعاون کی غرض سے اس ٹرسٹ کا قیام عمل میں آیا۔ اس ادارے کا مقصد اردو زبان وتہذیب کا فروغ اور باہمی اشتراک ہے۔اردوزبان صرف برصغیر کی زبان نہیں بلکہ ایک بڑی تہذیب کی علمبردار ہے۔اردوفن پاروں میں موجود ذخائر برصغیر کی شاندارتہذیبی روایات کی امین ہیں۔ان تہذیبی روایات کی بازگشت تمام ادبی اصناف میں ملاحظہ کرسکتے ہیں۔برصغیر کی گنگا جمنی تہذیب جو صدیوں پر مشتمل ہے اور جس کے لیے ہر دور میں امن وآشتی کے شیدائی افراد نے جدوجہد کی ہے ،ان سب کی شاندار تاریخ اردوادب کا ایک اہم اورتابناک حصہ ہے۔اس تابناک تہذیبی روایات سے پوری دنیا استفادہ کررہی ہے۔اردوزبان اب عالمی زبان کا درجہ اختیار کرچکی ہے۔ اردوکی متعدد نئی بستیوں میں اردوزبان تین بڑی زبانوں کے صف میں جگہ بنا چکی ہے۔ظاہر ہییہ اردوکی اثرپذیری ہے۔اردواولین زمانوں سے ہی ایک سیکولراور غیرجانبدار زبان کا کردار ادا کرتی آئی ہے اورآج بھی اسی شاندار اورتابناک مستقبل کے ساتھ رواں دوراں ہے۔ اردوکی عالمی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہوتاجارہا ہے۔اردوکی سمت ورفتار کاتعین فردواحد کے لیے ناممکن نہیں تو مشکل ضرورہے، کیوں کہ اب یہ زبان برصغیر کی چہار دیواری سے نکل کر متعدد براعظموں میں پھیل چکی ہے۔ امریکہ، افریقہ، آسٹریلیا، یوروپ کے ساتھ ایشیا کے متعدد ملکوں میں یہ زبان ایک انفرادی شناخت حاصل کرچکی ہے۔ اردوزبان کا دائرہ اثر عوام وخواص کے ساتھ ساتھ عصری درس گاہوں تک بھی پہنچ چکی ہے۔ اس مقبول ومعروف اور اہم زبان یعنی برصغیر کی تہذیبی زبان کی وسعت اور پھیلاؤ کے لیے ’’ ورلڈ اردوایسوسی ایشن‘‘ کا قیام ناگزیر تھا۔ چناں چہ اردوکے دائراثر کو مزید وسعت اور مستحکم کرنے لیے ’’ ورلڈ اردو ایسوسی ایشن ، نئی دہلی‘‘ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔اردو کی نئی بستیوں سے محبانِ اردو کو اس تنطیم سے جوڑنے کی کوشش ہورہی ہے، ساتھ ہی اردو کی تمام بستیوں میں سنجیدہ علمی و ادبی مجلسوں کا اہتمام کیا جائے گا۔اس سلسلے میں آپ سب سے مشورے اور تعاون کی گزارش ہے۔ اہم مقاصد: ٭ دنیا کے مختلف گوشوں میں موجود اردو کے اساتذہ /ادیبوں / شاعروں/ فکشن نگاروں/صحافیوں اور قلمکاروں سے رابطہ اور اشتراک ٭ نئی نسل کے ادیبوں اور قلمکارو ں کی حوصلہ افزائی ٭ اردو تدریس کے فروغ کے لیے ممکنہ وسائل کی فراہمی کی کوشش ٭ اردو کے مہجری ادیبوں کی کتابوں کی اشاعت ٭ اردو کی نئی کتابوں پرتبصرے اور اس کی رسائی کے امکانات کی تلاش ٭ مہجری ادیبوں پر مبنی انسائیکلو پیڈیا کی تیاری ٭ دنیا کے مختلف ممالک میں سالانہ سیمنار و مشاعرہ کا انعقاد یہ رسالہ اس تنظیم کا ترجمان بھی ہے ۔ امید ہے احباب اردو کی ترویج میں ہمارے دوش بدوش ہوں گے ۔
پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین مدیر اعلیٰ
واہ ۔۔۔۔۔پہلے شمارہ کا اداریہ پڑھ کر ایسا لگا جیسے میرا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے ۔ مبارکباد ۔میرا بھرپور تعاون رہےگا۔ جلد ہی امریکہ کے تعلق سے ایک مضمون بھیج رہا ہوں
خوشی ہے کہ ایک مثبت کوشش کا آغاز ہوا ہے
اور امید ہے کہ یہ کوشش تا دیر جاری رہے گی اور اس سے اردو کو جلا ملتی رہےگی