You are currently viewing کاغذ

کاغذ

ڈاکٹر سمیہ ساجد

کاغذ

سارے کاغذ

اپنے

لِکھے جانے کے

اِنتظار میں

پُرانے ہو گئے

سفید سے پیِلے

پِھر بُھورے

اور پِھر

اِتنے بوسیدہ

کہ

ہاتھ لگاتے ہی

صفحے سے الگ ہو گئے

اُن کاغذوں پر

لِکھی عبارتیں

جو زندگی جینے کے فلسفے

بیان کرتی تھیں

وہ بھی اُنھیں ضائع

ہونے سے

نہیں بچا سکیں۔

بہت کچھ لِکھا گیا تھا

اُن کاغذوں پر

کامیاب زندگی جینے کے نسخے

مُحبّت حاصل کرنے کی ترکیبیں

انسان سے خدا

اور چاہو تو

شیطان بن جانے کا

راستہ بھی بتایا گیا تھا۔

پیغمبروں کو موصول ہوئے

احکامات بھی

درج تھے اُن میں۔

دریاؤں کی روانی

جنگلوں کی کہانی

آسمانوں کی اُنچائی سے لے کر

سمندروں کی گہرائی تک بیاں تھی۔

نسلِ آدم کا بھی ذکر تھا

حَوّا کے بہکانے سے لے کر

موجودہ زمانے تک کا۔

عبارتیں پتّھروں پر بھی لکھی گئں

اور مِٹّی کو پکا کر سخت کی گئ

تَختیوں پر بھی

چمڑے پر بھی اور بانس کی

پتلی، چپٹی لکڑیوں پر بھی

ریشم کے کپڑے پر بھی

لکھی جاتی تھیں

اور پھر کاغذ پر۔

اب نئے دور میں

اِسکرین پر لکھی جاتی ہیں کتابیں

جو پلک جھپکتے ہی غائب اور

حاضِر ہو جاتی ہیں

جہاں لکھنا اور مِٹانا

بیحد آسان ہوتا ہے

بغیر کچھ ِنشاں چھوڑے

سب کچھ بدل جاتا ہے۔

Dr. Sumaiya Sajid

S – 17/28, Nadesar

Varanasi – 221002

sumaiyasajid2@gmail.com

Leave a Reply