اداریہ
شمارہ نومبر ۲۰۲۲
قارئین محترم ۔۔۔۔۔۔۔ سلام و رحمت
ماہ نومبر کا شمارہ کئی ناگزیر وجوہات کے سب د و ہفتے کی تاخیر سے شائع ہورہا ہے ۔ اب ایک دو مہینے میں ان شاءاللہ کوشش کی جائے گی کہ ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں منظر عام پر آجائے ۔
جیسا کہ اعلان کیا گیا تھا کہ نومبر کے شمارے میں نعت رسول اکرمﷺ کا خصوصی گوشہ ہوگا۔ الحمدللہ احباب کا قلمی تعاون شامل حال رہا اسی لیے نعت کی صنف پرمضامین اور نعت پاک اس شمارے میں شامل ہیں ۔ نعت ایک پاکیزہ اور مقدس صنف ہے جس کی روایت دنیا کی بڑی زبانوں میں موجود ہے ۔ ہر زبان میں صنف نعت کی نیرنگیاں اپنی اپنی زبان کی لطافت کے لحاظ سے موجود ہیں ۔ہیئت اور اسلوب کے اعتبار سے ہر زبان نے الگ الگ راہیں اختیار کی ہیں ۔ نعت رسول اقدس میں’ عشق ‘ کا موضوع حاوی موضوع ہے ۔ لیکن یہ عشق وہ نہیں جو عام طور پر تمام دنیا کی شاعری میں بنیادی موضوع ہے ۔کیونکہ عام طور پر شاعری جو جذبہ ٴ و دل کاترجمان ہے ،اس کو بھی دیکھنے ، کہنے اور سننے کا اپنا اپنا جمالیاتی ذوق ہے ۔ عشق جو جمالیات کا مظہر ہے اس کے رنگ بھی ہزار ہیں اور جلوے بھی بے شمار ہیں ۔۔۔۔لیکن نعت پاک میں یہ نیرنگیاں انتہائی پاکیزگی کے ساتھ جلوہ ان شاءاللہ اس موضوع پر جلد ہی خصوصی نمبر نکالنے کا ارادہ ہے ۔ ۔۔۔جس کا اعلان بھی جلد ہی کیا جائے گا ۔
اس شمارے کے متنوع مضامین اہل علم و دانش کو ضرور اپنی جانب متوجہ کریں گے۔ادب کے کئی جہات پر عمدہ مضامین شامل ہیں ۔ قاہرہ، مصر کے دو اساتذہ کے مضامین بھی اس شمارے کی زینت ہیں ۔
قارئین کی آرا کا انتظار ہے اور نمئے شمارے کے لیے قلمی تعاون کی گذراش بھی کی جاتی ہے ۔
(خواجہ محمد اکرام الدین )
***