You are currently viewing تکنیکی وسائل اور اردو  زبان کی تدریس:  امکانات اور مسائل

تکنیکی وسائل اور اردو  زبان کی تدریس:  امکانات اور مسائل

 

 

ڈاکٹر ترانہ  یزدانی

تکنیکی وسائل اور اردو  زبان کی تدریس:  امکانات اور مسائل

 

تلخیص/Abstract

اس مقالے میں اردو زبان کی تدریس میں تکنیکی وسائل کے کردار، امکانات اور درپیش مسائل کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ بدلتے ہوئے تعلیمی منظرنامے میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) نے تدریس و تعلم کے نئے دریچے وا کیے ہیں، جن کے ذریعے تدریسی عمل زیادہ بامعنی، دلچسپ اور مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ خاص طور پر سمارٹ کلاس رومز، آن لائن لرننگ پلیٹ فارمز، ڈیجیٹل لائبریریاں، انٹرایکٹو ایپلیکیشنز اور ملٹی میڈیا مواد زبان سکھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ زیر نظر مقالے  میں اردو زبان کی تدریس میں ان وسائل کے استعمال کے امکانات پر روشنی ڈالی گئی ہے، نیز ان رکاوٹوں کو بھی بیان کیا گیا ہے جو اس کے عملی نفاذ میں حائل ہیں، جیسے تکنیکی انفراسٹرکچر کی کمی، اساتذہ کی تربیت کا فقدان، ڈیجیٹل تقسیم اور لسانی و ثقافتی مسائل۔ مضمون کے اختتام پر یہ تجویز دی گئی ہے کہ اگر اردو زبان کے اساتذہ کو مناسب تربیت اور سہولیات فراہم کی جائیں تو تکنیکی وسائل زبان سکھانے کے عمل کو زیادہ بامقصد اور عصری تقاضوں کے مطابق بنا سکتے ہیں۔ اس طرح طلبا نہ صرف زبان کی مہارتوں کو بہتر طور پر سیکھ سکتے ہیں بلکہ جدید تعلیمی دنیا سے بھی ہم آہنگ ہو سکتے ہیں۔

کلیدی الفاظ:

اردو زبان، تدریس، تکنیکی وسائل، ڈیجیٹل تعلیم، تدریسی مسائل، امکانات، اساتذہ کی تربیت

                                                                                                                                                                                                                                                                                                                       تعلیم میں ٹیکنالوجی   اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ اس میں ملک کے ہر حصے میں پہنچنے اور رفتار کے حصول کے ساتھ کسی بھی وقت ،کہیں بھی تدریس و اکتساب ، تشخیص اور مسلسل پیشہ ورانہ ترقی کا حل فراہم کر کے ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے کی صلاحیت ہے۔ انہیں نقطہ نظر سے قومی تعلیمی پالیسی 2020 تعلیمی مواقع تک رسائی کو بڑھانے، تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، شمولیت اور تنوع کے خدشات کو دور کرنے اور رسائی ، معیار، مساوات، استطاعت کو بہتر بنانے کے لئے تعلیمی ٹیکنالوجی کے استعمال پر بہت زیادہ زور دیتی ہے۔ اس طرح تعلیمی ٹیکنالوجی اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کا باریک بینی سے استعمال تعلیمی نظام کو بہتربنا   سکتا ہے اور ملک میں اسکول اور اساتذہ کے لئے  معیاری تعلیم کے حصول میں مدد کر سکتا ہے۔

                                                                                                                                                                                                                                                                         زبان سیکھنا اور زبان کی تدریس قومی اسکولی نظام کی بنیاد کے بعد سے ہی بحث و مباحثہ  اور تنازع کا موضوع رہا ہے جدید زبانوں پر غور و فکر اور پرائمری اسکول کے نصاب میں ان کی جگہ نے حالیہ دنوں میں اس مقابلے میں اضافہ کیا ہے ۔اردو جنوبی ایشیا کی ہند اریائی زبان ہے ،جو ہندوستان کی 22 سرکاری زبانوں میں سے ایک ہے ۔ہندوستان اور پاکستان میں بولے جانے کے علاوہ جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک مثلا : بنگلہ دیش ،افغانستان اور نیپال کے ساتھ ساتھ مشرق وسطی یورپ ،امریکہ اور کینیڈا میں بھی بولی جاتی ہے۔ ہمارے ملک ہندوستان میں اردو کو ایک اختیاری مضمون کے طور پر پڑھایا جاتا ہے ۔اتر پردیش جیسی ریاست میں اردو بحیثیت مضمون اور مادری زبان کے اعتبار سے پڑھائی جاتی ہے ۔ساتھ ہی ریاست تلنگانہ میں بھی اردو بحیثیت مادری زبان اور ثانوی زبان پڑھائی جاتی ہے ۔تعلیم کی بنیادی سطح سے لے کر اعلی سطح تک اردو زبان کو بحیثیت مضمون ایک اہم مقام حاصل ہے اور ہر سطح پر اردو کے لیے ایک الگ نوعیت کا نصاب ترتیب دیا گیا ہے۔

تعلیم میں تکنیکی وسائل  کا کردار اور اہمیت:

                                                                                                                                                                                                                                                                                                                تکنیکی  وسائل درس و تدریس  اور   اکتساب کو تبدیل کرنے کا  طاقتور ذریعہ ہیں ۔ یہ اساتذہ اور طلبا کے درمیان تعلقات کی تصدیق اور آگے بڑھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں  ۔ تکنیکی  وسائل کے استعمال کے ذریعے تدریس و اکتساب کے عمل کو بہتر اور پراثر بنایا جا سکتا ہے ۔تعلیمی نظام میں ٹیکنالوجی کے فوائد کو حاصل کرنے اور مستند اکتسابی تجربات فراہم کرنے کے لیے  ماہرین تعلیم اور اساتذہ کو اپنے تدریسی عمل میں تکنیکی وسائل  کو موثر طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔موجودہ مقا لے میں ٹیکنالوجی کی اہمیت، تعلیم میں تکنیکی  وسائل کا استعمال ،بالخصوص زبان کی تدریس میں تکنیکی  وسائل کے استعمال کے امکانات اور درپیش مسائل  پر بحث کی گئی ہے۔

اردو زبان   کی  تدریس  اور اس کی اہمیت:

                 تعلیمی اداروں میں اردو زبان کی تدریس اس لیے اہمیت کی  حامل ہے کہ درس و تدریس کے ذریعے آئندہ نسلوں کی پرورش اور زبان کے ثقافتی جوہر کو محفوظ رکھا جا سکے اور ساتھ ہی زبان کے ذریعے ایک دوسرے کی ثقافت ،احساسات اور تعلقات کو سمجھ کر بہتر بنایا جا سکے۔ آج کے ڈیجیٹل دور میں اردو کو جدید پلیٹ فارم اور ٹیکنالوجی کے مطابق ڈھالنا ناگزیر ہے ۔تاکہ اس کی مسلسل مطابقت اور رسائی کو یقینی بنایا جا سکے ۔اردو ادب کا ڈیجیٹلائزیشن ،آن لائن نیوز پورٹل اور اردو میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ،زبان کے ورثے کے تحفظ میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں ۔مثال کے طور پر ڈیجیٹل لائبریریاں اور آن لائن پلیٹ فارم جو کلاسک اردو ادب اور شاعری پیش کرتے ہیں (مثلا :این ۔سی۔ پی ۔یو ۔ایل  کی آن لائن دستیابی ،  ریختہ جیسے پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن دستیاب کرائے جانے والے اردو زبان کے بیش قیمتی ذخیرے اور بیشتر اردو رسائل اور جرائد   وغیرہ ) ۔دنیا بھر کے عوام کے لیے اردو کے ثقافتی ورثے سے جڑنے کے دروازے کھولتے ہیں۔ریختہ کی ویب سائٹ پر ہمیں نہ صرف تحریری مواد ملتا ہے بلکہ شاعری سے متعلق ہمیں آڈیو ریکارڈنگز بھی ملتی ہیں جس کے استعمال سے ہم اردو تلفظ کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اشعار کی ادائیگی کے طریقہ کار سے بھی واقفیت حاصل کر سکتے ہیں۔

اردو زبان کی تدریس اور تکنیکی وسائل :

                                                                                                                                                                                                                                                                                           جدید ٹیکنالوجی، خاص طور پر کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی ترقی نے ابتدائی طور پر یہ تاثر دیا کہ اس سے زبان و ادب کے پڑھنے والوں کی تعداد کم ہو جائے گی۔  اس سے عالمی مواصلات اور کمپیوٹر کی زبان کے علاوہ دیگر زبانیں ختم ہو جائیں گی، لیکن ایسا نہیں ہوا بلکہ سائبر اسپیس نے زبان اور ادب کی ترقی کے نئے امکانات پیدا کئے  ہیں۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ اردو زبان بھی جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے میں کامیاب رہی ہے ۔انٹرنیٹ پر اردو میں بہت سی ڈیجیٹل لائبریریاں اور بہت سی ویب سائٹس موجود ہیں جن کے  استعمال کے ذریعے اردو زبان سے متعلق مواد تک آسانی سے رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اردو زبان کے مقابلے میں انگریزی زبان نے زیادہ ترقی کی ہے۔  خاص طور پر زبان کی تدریس اور اکتساب کے طریقہ کار، نقطہ نظر اور جدید ٹیکنالوجی کے انضمام سے آنے والی تبدیلیاں قابل توجہ ہیں ۔انگریزی زبان کی تدریس کے لیے نئے نئے طریقے  وجود میں آئے ہیں ،جبکہ اردو زبان اب بھی اپنے چاہنے والوں کی خاص توجہ کی طلبگار ہے۔

                                                                                                                                                                                                                                                                                             ای لرننگ ایپس اور ٹیکنالوجی کے ساتھ زبان کی تدریس کو عام کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ ہمارے باضابطہ تعلیمی نظام نے کئی دہائیوں سے مختلف تعلیمی ٹکنالوجی  کے آلات اور ملٹی میڈیا پر مبنی اکتساب کا مواد استعمال کیا ہے۔ ٹیکنالوجی نے نہ صرف زبان کی تدریس کے طریقوں کو تبدیل کیا ہے بلکہ دنیا بھر کے طلبا کے لیے زبان سیکھنے کے عمل کو مزید قابل رسائی، دلچسپ، پرکشش اور ذاتی نوعیت کا بنا دیا ہے۔تعلیمی ٹیکنالوجی کے آلات نے زبان کی آزادی کے لیے بہت آسانیاں پیدا کی ہیں، کیونکہ وہ طلبا کی خود اعتمادی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کی فعال مصروفیت اور سیکھنے کے مثبت نتائج کو بڑھانے میں کارگر ثابت ہوئے ہیں ۔ ٹیکنالوجی کا استعمال کمرہ جماعت کے اندر اور باہر سیکھنے کے عمل کا ایک اہم حصہ بن گیا ہے  اور اسے جدید تعلیمی اداروں میں بنیادی ضرورت کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

                                                                                                                                                                                                         زبان کی تدریس اور اکتساب کے لیے جدید تکنیکی وسائل  میں لینگویج لیب ،آن لائن لرننگ پلیٹ فارم ، ڈیجیٹلائزیشن ، ملٹی میڈیا ڈیوائسز،  موبائل فون لرننگ ایپس ، فلیش کارڈ س ،سمعی /بصری ملٹی میڈیا مواد وغیرہ شامل ہیں ،جو زبان کی تیز تر اور جامع ترقی میں سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔مثال کے طور پر ،کمرہ جماعت میں ملٹی میڈیم مواد کا اطلاق ،پرنٹ متن ، ویڈیو  گیمفیکیشن اور انٹرنیٹ کو ضم کیا جا سکتا ہے تاکہ طلبا کو زبان کے الفاظ اور ساخت سے آشنا کیا جا سکے۔

ٹیکنالوجی اساتذہ کو باہمی تعاون اور کمرہ جماعت سے باہر سیکھنے کے مواقع فراہم کرتی ہے ۔اساتذہ تعلیمی اداروں اور کتب خانوں میں اپنے ساتھی اساتذہ اور مختلف پروگراموں ،دنیا بھر کے مختلف ماہرین پر مشتمل   کمیونٹی تشکیل دے سکتے ہیں۔ اس طرح یہ کمیونٹی  اور اس کے اراکین  ٹیکنالوجی کے ذریعے فعال کردہ  بہتر تعاون  اور  تدریسی مواد کے ساتھ ساتھ وسائل اور آلات کو تخلیق کرنے، ان کا نظم کرنے اور ان کے معیار اور افادیت کا اندازہ کرنے کے لیے رسائی فراہم کر سکتی ہے۔

تعلیمی اداروں کو ضروری ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل کرنے اور اسے میسر طریقے سے استعمال کرنے کا طریقہ سیکھنے میں اساتذہ کی مدد اور رہنمائی کرنے کی ضرورت ہے۔ زبان کی تدریس میں ٹیکنالوجی کا استعمال نہ گزیر ہو گیا ہے ۔خاص طور پر متعدد شعبوں اور مضامین میں بے مثال پیش رفت کے تناظر میں یہ ضروری ہے کہ تعلیم کا شعبہ جدید تکنیکی ذرائع (جیسے کہ کمپیوٹر ،ملٹی میڈیا ڈیوائسز ،موبائل فون ،سوشل میڈیا اور سمعی /بصری آلات کو) اپنا کر زبان کی تعلیم کو بہتر بنا  سکے اور اساتذہ کو ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے تربیت دی جا سکے۔

اردو زبان کی تدریس میں تکنیکی وسائل  کا استعمال:

                                                                                                                                                                                                                                                                                                                       آج کے معلوماتی دور میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل وسائل  زبان کی تدریس اور اکتساب  میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ بیرون ملک کی اکثر یونیورسٹیاں اپنے یہاں زبان کے شعبوں میں زبان سے متعلق تمام پروگراموں میں ٹیکنالوجی کو ضم کر کے ثانوی اور غیر ملکی زبانوں کو سکھانے میں تبدیلی لا رہی  ہیں ۔ کچھ تعلیمی ادارے طلبا کو کلاس رومز میں آئی پیڈ اور اسمارٹ فون جیسے آلات استعمال کرنے کی ترغیب بھی دیتے ہیں ۔تاہم سوال یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کا استعمال کس طرح زبان کی تدریس اور اکتساب میں بہتری کا باعث ہو سکتا ہے؟

                                                                                                                                                                                                                                                                                                          اس سے پہلے کہ ہم اردو زبان کی تدریس میں ٹیکنالوجی / تکنیکی وسائل  کے استعمال پر بحث کریں، ضروری ہے کہ اردو درس و تدریس کے مقصد کو سمجھ اور جان لیا جائے۔ تاکہ ان مقاصد کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیکنالوجی کے استعمال کو بہتر طریقے سے سمجھا جا سکے ۔ زبان سیکھنے کی وجوہات تعلیمی مقاصد کی وجوہات پر منحصر ہیں۔  زبان کی تعلیم کا ایک اہم اور بنیادی مقصد لوگوں کو بہتر سوچنے میں مدد کرنا ،دماغ کی تربیت کرنا اور منطقی سوچ کو فروغ دینا ہے ۔دوسری طرف طلبا کی بڑھتی ہوئی خود آگاہی اور پختگی کو فروغ دینا بھی شامل ہے۔

                                                                                                                                                                                                                                                                 ہارون ایوب صاحب اپنی کتاب “درس و تدریس کے مسائل ” میں لکھتے ہیں کہ زبان کی تدریس کے لیے ضروری ہے کہ زبان سیکھنے کے مقاصد کو مدنظر رکھا جائے تاکہ طلبا کو زبان سیکھنے میں یقینی طور پر کامیابی حاصل ہو۔ طلباء کو زبان سیکھنے کا مقصد معلوم ہونا چاہیے، ساتھ ہی معلم کو بھی اس سے اچھی طرح  واقفیت حاصل کر لینی چاہیے کہ زبان کی تدریس کا مقصد کیا ہے؟ تاکہ زبان کو ان کی ضروریات کے مطابق ڈھال کر پڑھایا جا سکے ۔زبان کے طور طریق ،اسلوب اور گفتگو کے دوران تہذیبی باتوں کو ذہن میں رکھ کر پڑھایا جا سکے ۔ساتھ ہی ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ خود مدرس کو زبان پر پورا عبور حاصل ہو اور وہ زبان کی تمام باریکیوں سے واقف ہونے کے ساتھ ساتھ ان باریکیوں کو واضح کرنے کی صلاحیت بھی اپنے اندر رکھتا ہو۔

اردو زبان کی تدریس  و اکتساب میں  تکنیکی وسائل کے انضمام کے امکانات:

                                                                                                                                                                                                                                                                                                  اردو زبان کی تدریس اور اکتساب میں تکنیکی وسائل کے انضمام کے لیے چند اہم نکات کو ذہن میں رکھنا ضروری ہے جن پر عمل کر کے زبان کی تدریس اور اکتساب میں ٹیکنالوجی کے انضمام کو پراثر بنایا جا سکتا ہے ۔ساتھ ہی اساتذہ کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ ٹیکنالوجی کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے تدریسی عمل میں استعمال کرنے کی کوشش کریں۔ حالانکہ ٹیکنالوجی کا استعمال جس خوبی کے ساتھ انگریزی زبان کی تدریس کے لیے کیا جا رہا ہے اردو زبان کی تدریس میں ابھی تک اس قسم کے تجربات نہیں ہوئے ہیں، لیکن ان سب کے باوجود اگر ہم کچھ اہم نکات پر سنجیدگی کے ساتھ توجہ دیں تو اردو زبان کی تدریس میں بھی تکنیکی وسائل  کا استعمال کارگر ثابت ہو سکتا ہے۔اردو زبان کی تدریس اور اکتساب میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے کافی حد تک امکانات ہیں جنہیں ہم مندرجہ ذیل نکات سے باآسانی سمجھ سکتے ہیں:

  • ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اساتذہ اور طلبا کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے ٹیکنالوجی کے تعلق سے ہونے والی تحقیقات اور مقالے استعمال کرنے کی ترغیب دینے کی ضرورت ہے ،تاکہ ٹیکنالوجی کی ضرورت ،۔اہمیت اور استعمال کے طریقوں سے واقفیت حاصل ہو سکے۔
  • ادب کے اساتذہ اور طلبا کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیے جانے چاہیئں، تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور انہیں ٹیکنالوجی اور آئی۔ سی ۔ٹی کی مہارتوں سے آشنا کیا جا سکے اور تربیت کی مدد سے  آئی ۔سی ۔ٹی کی مہارتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔
  • تعلیمی کانفرنس اور سیمینار معلومات کو اپڈیٹ کرنے کے اہم ذرائع ہیں ،لیکن ہم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ زبان کی تدریس اور خصوصا اردو زبان کی تدریس کے تعلق سے کانفرنس یا سیمینار کم ہی منعقد ہوتے ہیں اور اساتذہ اور طلبا، باالخصوص اردو زبان و ادب کے طلبا ان سرگرمیوں میں حصہ لینے سے گریزاں ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ اردو زبان کے لئے خصوصی طور پر سیمینار وغیرہ منعقد ہوتے رہنا چاہئے۔
  • تعلیمی اداروں میں زبان سے متعلق لیب اور کتب خانے ہونا ضروری ہے ۔طلبا کی ضروریات کے مطابق نصابی کتب کو اپڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے ۔اردو زبان و ادب پر مبنی کتب خانوں اور اداروں کے درمیان تعلقات بہتر ہونے چاہیے ۔طلبا کو اپنے اداروں کے علاوہ مختلف کتب خانوں سے مستفید ہونے کی ترغیب دینا چاہیے۔ ساتھ ہی کتب خانوں میں موجود ثقافتی، تاریخی اور فکری دستاویزات کے وسیع ذخیرے  تک صارفین کی  پہنچ کو آسان بنانے کے لیے آن لائن دستیاب کرنے کی ضرورت ہے۔
  • ٹیکنالوجی ،خاص طور پر ای لرننگ ٹیکنالوجی تدریس و اکتسابی عمل میں تیزی سے استعمال کی جا رہی ہے ۔مختلف تعلیمی پروگراموں میں استعمال کے لیے منتخب ای لرننگ ٹیکنالوجی دستیاب ہیں ۔دنیا کے بہت سے حصوں میں تعلیمی وزارتوں اور تعلیمی اداروں نے تکنیک کے بڑھتے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے ویب کے استعمال کو اس کی تمام شکلوں( مثال کے طور پر ،ای کتب ،ٹیکسٹ میسجنگ ،پوڈ کاسٹ ،ویکیز اور بلاگز )میں  فروغ دینے  کے لیے بہت سی کوششیں کی ہیں ۔

                                                                                                                                                                                                                                                                           محققین نے اپنی تحقیقات سے یہ بات ثابت کی ہے کہ ٹیکنالوجی تدریسی طریقوں کے ساتھ ساتھ طلبا کے علم میں بھی اضافہ کرتی ہے تدریسی طریقوں کو پراثر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جانا بیحد ضروری ہے۔تعلیم و تدریس کے عمل میں ٹیکنالوجی کے انظمام سے طلبا کی حوصلہ افزائی کر کے ان کے اکتساب میں بہتری لائی جا سکتی ہے ۔طلبا کی تعلیمی صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے تدریسی عمل اساتذہ مرکوز نہ ہو کر طلبا مرکوز ہوتا ہے، جس میں طلبا اپنے ساتھیوں کے ساتھ تعاون سے سیکھتے ہیں اور ان کا سیکھنا دیر پا ہوتا ہے۔

اردو زبان کی تدریس  و اکتساب میں  تکنیکی وسائل کے  امکانات اور مسائل:

  • اساتذہ کا رویہ: متعدد محققین کا خیال ہے کہ اساتذہ کی تربیت کی کمی، علم اور مشق کی کمی وہ عوامل ہیں جو سیکھنے کے آلے کے طور پر تکنیکی وسائل  کے کامیاب استعمال کو روکتے ہیں۔ بہت سے محققین اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ اساتذہ کو ٹیکنالوجی کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کے لیے کمپیوٹر استعمال کرنے  کی اپنی اہلیت میں اضافہ کرنا چاہیے۔ اساتذہ کو مناسب تربیت   دی جانی چاہئے۔ ٹیکنالوجی تک رسائی اس وقت تک سیکھنے میں بہتری نہیں لاتی جب تک کہ اساتذہ کو ٹیکنالوجی کو ایک تعلیمی ٹول کے طور پر اپنانے کا اختیار نہ دیا جائے۔تعلیم میں ٹکنالوجی کے استعمال کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر مختلف تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ  تعلیمی میدان میں  ٹیکنالوجی کے استعمال کے تئیں  اساتذہ کا رویہ ایک اہم رکاوٹ ہے ۔ کچھ اساتذہ کا خیال ہوتا کہ  ٹیکنالوجی  تدریسی عمل میں ایک خلل ڈالنے والا آلہ ہے ۔
  • طلبا کا رویہ: محققین نے کلاس روم میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر طلباء کے ردعمل پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کی تشویش کا جواز یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کا استعمال اپنے ابتدائی دور میں ہے اور اس کے استعمال کے لیے روایتی تدریسی طریقوں سے تبدیلی کی ضرورت ہے۔ اگر تبدیلی سخت اور اچانک ہے اور طلبا اس تجربے کو منفی طور پر سمجھتے ہیں، تو وہ ایسی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت کر سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں تعلیمی کارکردگی خراب ہوگی، خصوصی طور پر اردو زبان کی تدریس کے حوالے سے ۔
  • وقت کی قلت: وقت اور تکنیکی مدد کی کمی ٹیکنالوجی کے استعمال کے تیئں اساتذہ کے عدم رجحان کی دوسری وجوہات ہو سکتی ہیں۔  اسکولوں میں تدریسی زبانوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے  تیئں  اساتذہ   کا خیال ہے کہ اساتذہ کی تیاری اور ٹیکنالوجی کے نفاذ کے لیے وقت کی کمی سب سے اہم رکاوٹوں  میں سے ایک ہے۔ ایک  تحقیق سے معلوم ہوا کہ زبان کی تدریس  کی کلاسوں میں ٹیکنالوجی کے انضمام کے لیے باقاعدہ کلاسوں کے مقابلے بہت زیادہ وقت اور  محنت درکار ہوتی ہے ۔جب کہ جو اساتذہ   ٹیکنا لوجی کا استعمال نہیں کرتے ہیں  انہیں زیادہ  وقت درکار نہیں ہوتا ہے۔
  • ایک اور بڑا چیلنج ،اردو زبان کے تدریسی طریقوں میں تحقیق کی کمی بھی ہے۔ کیونکہ  زبان سکھانے کے لیے درکار مختلف اجزاء کو شامل کرنے کے بجائے، ہم نے  پہلے سے شامل مواد کی مشکل کی سطح کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی۔ مثال کے طور پر عصری شاعروں (میر تقی میر، مرزا غالب اور علامہ اقبال) کی شاعری کورس کا حصہ تھی۔ کورس کو بنیادی سے لے کر اعلیٰ درجے کے طلباء کی ضروریات کے مطابق بنانے کے لیے، جدید شاعروں کی شاعری شامل کی گئی، جن میں مجید امجد، ناصر کاظمی ، میر حسن،میر درد وغیرہ شامل ہیں۔

خلاصہ یہ کہ ٹیکنالوجی کا استعمال زبان کی تعلیم کے لیے فوائد اور رکاوٹیں دونوں لاتا ہے۔ تاہم، سیکھنے کے فوائد اہمیت کے حامل ہیں۔ کلاس روم میں تکنیکی وسائل کا  استعمال کلاس روم کے تجربے کے بعض پہلوؤں کو بہتر بنا سکتا ہے۔ بہر حال، یہ مسئلہ جو مسلسل تحقیقات کا مستحق ہے وہ یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کا استعمال تعلیم میں کتنی اہمیت رکھتا ہے۔ امید ہے کہ اساتذہ کو ٹیکنالوجی کے انضمام میں رکاوٹوں کو دور کرنے اور ٹیکنالوجی پر مبنی اور ویب پر مبنی تدریسی ماڈل بنانے میں مدد کے لیے مزید تحقیق کی جائے گی۔

خلاصہ

                                                                                                                                                                              اس مقالے میں  زبان کے کلاس رومز میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے فوائد اور رکاوٹوں کو پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ زبان کی تدریس  اور اکتساب کے لیے اس کے فوائد کو زیادہ سے زیادہ بنایا جا سکے۔ زبان سے متعلق مختلف تحقیقات سے  یہ واضح ہوتا ہے  کہ زبان کی تدریس میں ٹیکنالوجی کے انضمام کی وکالت مختلف وجوہات کی بناء پر کی جاتی ہے۔ جس میں شامل ہیں: ‘مصروفیت’، ‘تعلیمی صلاحیت میں بہتری’، ‘پیراڈایم شفٹ’، ‘اسیسمنٹ شفٹ’ اور ‘تعاون کے ساتھ سیکھنے میں اضافہ’۔ تاہم ٹیکنالوجی کے استعمال میں کچھ رکاوٹیں حائل ہیں۔ زیر بحث رکاوٹوں میں ‘رسائی کی کمی’، ‘وقت کی کمی’، “مؤثر تربیت کی کمی’، ‘اساتذہ کا رویہ’، اور ‘طلبا کا رویہ’ تدریس کو بڑھانے میں ٹیکنالوجی کی رکاوٹوں اور فوائد سے آگاہی یقینی طور پر اساتذہ کے لیے مضمرات رکھتی ہے۔ تعلیمی  اداروں کو ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور کسی بھی تبدیلی کو نافذ کرنے سے پہلے شاید پہلا قدم عملے کو مناسب طریقے سے تربیت دینا ہے۔ اساتذکے تربیتی  اداروں کو، اساتذہ کو  کمپیوٹر ، انٹرنیٹ تک رسائی  اور تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لئےکام کرنا چاہئے۔

                                                                                                                                                مزید برآں، چونکہ ٹیکنالوجی پر مبنی اسباق کی منصوبہ بندی کرنا(با الخصوص اردو کی تدریس کے حوالے سے)، مختلف ویب سائٹس کو سرفنگ کرنا، اور مختص وقت کے  دائرے میں رہتے ہوئے مواد کا احاطہ کرنا، اساتذہ کا ایک جائز مسئلہ ہے۔ اس لیے اسکولوں کو چاہیے کہ وہ اساتذہ کو اپنے تدریسی عمل میں ٹیکنالوجی کو شامل کرنے کے لیے زیادہ  وقت فراہم کریں۔ . مثال کے طور پر، ریگولر  پیشہ ورانہ ترقی کے کورسز کے دوران اساتذہ کو ٹیکنالوجی کے مختلف پہلوؤں کو دریافت کرنے کے مواقع فراہم کرنے سے ان کا ٹیکنالوجی کے استعمال میں اعتماد بڑھ سکتا ہے اور اس طرح ان کا منفی رویہ تبدیل ہو سکتا ہے۔

مزید، ٹیکنالوجی پر مبنی تدریس  و اکتساب کے لیے نئے اساتذہ کو سیکھنے اور پڑھانے کے نئے طریقہ کار میں اپنے بدلے ہوئے کرداروں اور ذمہ داریوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔  روایتی تدریس سے ٹیکنالوجی سے بھرپور ہدایات کی طرف کامیاب منتقلی  اور  موثر تدریس کے حصول کے لیے اپنے تدریسی انداز کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

تعلیم کی  مختلف پالیسیوں میں، آئی سی ٹی کی لازمیت اور رسائی  کے ساتھ ساتھ  معیار کو بڑھانے کے لیے ہر سطح پر تعلیم میں اس کے انضمام کا مسئلہ اٹھایا گیا ہے۔ پچھلی دو دہائیوں میں، آئی سی ٹی اور معاشرے کے روزمرہ کے اس کے انضمام سے متعلق بہت زیادہ پیشرفت دیکھی گئی ہے لیکن ہندوستان بحیثیت قوم آئی سی ٹی کے فوائد کو مکمل طور پر حاصل کرنے  میں دوسرے ممالک کے مقابلے میں پیچھے  ہے۔

قومی تعلیمی پالیسی 2020میں   ٹیکنالوجی اور آن لائن تعلیم کے لئے دو باب مختص کئے گئے ہیں۔  جس کے مطابق جامع ڈیجیٹل تعلیم کو یقینی بنایا جانا چاہئے، جس میں آن لائن کلاسس کا انعقاد، سمعی/بصری انٹرفیس تیار کرنا، ورچوئل ریالٹی کے ذریعے گیمز سیکھنا، ماس میڈیا کا ایک سے زیادہ زبانوں میں استعمال،ڈیجیٹل مواد کی رسائی کو آسان بنانا، ای لرننگ پلیٹ فارمس تیار کرنا، ورچوئل لیبس بنانا تاکہ طلبا  کو تجربات پر مبنی  اکتساب کی سہولت فراہم کی جا سکے اور اساتذہ کی بہتر تربیت شامل  ہیں۔

حوالہ جات

  Dr. Reyaz. A., (2016). Urdu Tadrees: Jadeed Treeqe aur Taqaze. Maktaba Jamia Limited. New Delhi

  Mukhtar. A. M., (2014). Tadris Urdu Usool Wa Zawabit. Agrawal Publications. Agra.

  1. J. Riasati, Negah. A., Kok, E. Tan., (2012). Technology in Language Education: Benefits and Barriers. Journal of Education and Practice, Vol.3, No.5.

Abdul Kadir., (2017). School Education and Use of ICT: A Case Study of an Urdu Medium School Located in Central Dist. Of Delhi. Techno LEARN: An International Journal of Educational Technology. 1-10.

Saad. H., Aiza. H., Suleman. S & Arsalan. K., (2019). Kahaniyan- Designing for Acquisition of Urdu as a Second Language. 17th IFIP Conference on Human Computer Interaction. Cyprus. Pp.207-216

Aman. S., (2016). Teaching of Urdu: Problems and Prospects. University of Madras.

 Kumaravadivelu, B. (2003). Beyond Methods: Macrostrategies for Language Teaching. Yale University Press

.  Jack, C. Richards & Renandya Willy, A. (2002).  Methodology in Language Teaching: An Anthology of Current Practices. Cambridge University Press.

Dr. J. E. Vallabi., (2015). Innovations in the Teaching of English. Neelkamal Publications PVT. LTD. Hyderabad.

 Dr. Shaik. M. & Dr. P. Dinakar. (2022). Techniques of Teaching English. Neelkamal Publications PVT. LTD. Hyderabad.

National Education Policy 2020

Leave a Reply