اداریہ
شمارہ ماہ جون ۲۰۲۲
امتیازرومی
مہمان اداریہ
ترجیحات کا تازہ شمارہ آپ کے سامنے ہے جس میں مختلف موضوعات پر متنوع مضامین شامل ہیں۔ نئی نسل کو پروموٹ کرنا اور ان کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنا ترجیحات کی اولین ترجیح ہے اسی لیے ان کی تحریروں کو بہت ہی اہتمام سےشائع کیا جاتاہے۔ساتھ ہی نئی نسل کےقلم کاروں کےہم ممنون ہیں کہ وہ ہمیشہ ہمارےساتھ ساتھ اور ہم قدم ہیں ۔
ہمارےبزرگ اور سینئراساتذہ کےبھی ہم ممنون ہیں کہ ان کی سرپرستی اورحوصلہ افزائیوں سےیہ کارواں رواں دواں ہے۔ایسوسی ایشن کی ایک اورترجیح یہ بھی ہےکہ نئی بستیوں کےادیبوں اور شاعروں کو مناسب مقام ملےاس حوالےسے ’’ترجیحات‘‘ نے کئی اہم مضامین و مقالات شائع کیےہیں اورخود ان کی تحریریں بھی متواترشائع ہوتی رہی ہیں۔ مہجری اورغیر ملکی ادیبوں کو متعارف کرانااور ان کی خدمات کا اعتراف کرنا وقت کا تقاضہ بھی ہے اورادب کےدامن کو وسیع کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ اس سمت میں ایسوسی ایشن نےبہت اہم اقدامات کیے ہیں ۔لیکن یہ ابھی بہت کم ہے۔ ترجیحات کےاجراکےمقاصد میں ایک مقصدیہ بھی تھا کہ ہر شمارے میں کسی نہ کسی ادیب کا انٹرویو شائع کیا جائے۔ اس مقصدمیں ہم ابھی پورےطور پرکامیاب نہیں ہوسکےہیں ۔ نئی نسل سےگذارش ہےکہ اس سمت میں ہماری مدد کریں ۔
اس شمارےکےمضامین متنوع موضوعات و اسالیب پر مبنی ہیں ۔عربی ادب میں تانیثیت یہ ایک اہم گوشہ ہےجس پر اس شمارےمیں ایک اہم مضمون شامل ہےاس کےعلاوہ فکشن کی تفہیم و تعبیر کےحوالےسےکئی مضامین شامل ہیں ۔ ادبی تحقیق اورشخصیات کےحوالےسےبھی ایک انٹرویو اوردو مضامین شامل ہیں۔انشائیہ، افسانہ ، افسانچےاورشاعری کےزمرےمیں شامل تخلیقات نئی نسل کی ہیں ۔ ان کےاسالیب طرز بیان کی پختگی یقیناً اردو کے مستقبل کےلیےفال نیک ہے۔
ترجیحات کا شمارہ ہر ماہ کی پانچ سےدس تاریخ کےدرمیان شائع ہوتارہا ہے۔ لیکن اب ادارے نےطےکیا ہےکہ ہرماہ کی پہلی تاریخ کو یہ رسالہ شائع ہوا کرے گا۔دنیا بھر کےتمام قلم کاروں سے قلمی تعاون کی گذراش کی جاتی ہے۔
نیک تمناؤں کےساتھ
****
اطلاع برائے مضامین و تخلیقات
- مضامین وتخلیقات ورڈ فائل میں بھیجیں تو زیادہ مناسب
- مضامین میں حوالے اور حواشی کا اہتمام ضرور کریں
- اپنا مختصر تعارف بھی مضمون کے ساتھ ارسال کریں
***