ڈیجیٹل دور میں اردو رسائل و جرائد کی اہمیت
محترم قارئین کرام !
۲۰۲۵ کا پہلا آن لائن شمارہ قارئین کی خدمت میں پیش ہے ۔پوری دنیا میں موجود رسالہ ’’ترجیحات ‘‘ اپنے قارئین اور علمی وادبی تعاون پیش کرنے والے احباب کا شکریہ ادا کرتا ہے ۔ الحمدا للہ یہ ادبی قافلہ پانچویں برس میں داخل ہوچکا ہے اور بہت تیزی سے دنیا بھر میں مقبول ہورہا ہے ۔
اردو زبان و ادب کی ترویج و اشاعت میں رسائل و جرائد نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ موجودہ ڈیجیٹل دور میں، جہاں طباعت و اشاعت کے روایتی ذرائع رو بہ زوال ہیں، آن لائن اردو رسائل و جرائد ایک متبادل کے طور پر ابھر کر سامنے آرہے ہیں۔یہ نہ صرف اردو زبان و ادب کی ترویج کے مؤثر ذرائع ہیں بلکہ دنیا بھر میں اردو پڑھنے اور لکھنے والوں کو ایک وسیع پلیٹ فارم بھی مہیا کر رہے ہیں۔
ماہنامہ ’’ترجیحات‘‘ کو یہ اعجاز حاصل ہے کہ یہ رسالہ دنیا کےہر کونے میں باآسانی پہنچ رہا ہے اور دور افتاد علاقوں سے اردو شیدائی اپنی تحریری نگارشات سے نواز رہے ہیں۔رسالہ ترجیحات کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ اپنے قارئین کی دل چسپی کا خیال رکھا جائے چناں چہ اس کے پیش نظر ادارہ کام کر رہا ہے تاکہ آن لائن رسالہ میں تحریر، تصاویر، ویڈیوز، آڈیو اور انٹرایکٹو مواد کو بھی شامل کیا جائے تاکہ نوجوان نسل کی دل چسپی برقرار رہے۔ہماری یہ کوشش بھی جا ری ہے کہ نایاب ادبی مواد اور تحریریں(خاص طور پر مہجری ادب) ڈیجیٹل صورت میں محفوظ ہوجائے تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہو۔
ہمیشہ کی طرح ایک کمی کا احساس رہتا ہے کہ اس آن لائن جریدے میں تبصرے کا کالم موجود ہے ۔تاہم ہمارے قارئین کی وہاں موجودگی نظر نہیں آتی۔ اس جانب ہم آپ کی توجہ مبذول کرانا چاہتے ہیں۔ کسی بھی آن لائن ادبی جریدے میں چار چاند اس وقت لگتا ہے جب اس میں موجود تبصرے کے کالم میں احباب سرگرم ہوں ۔ادارہ آپ تمام قارئین سےاس جانب توجہ دینے کی درخواست کرتا ہے ۔
یہ رسالہ ورلڈ اردو ایسوسی ایشن، نئی دہلی کا ترجمان ہے ۔ورلڈ اردو ایسوسی ایشن کی ترجیحات میں سرِفہرست نئی نسل کے قلم کاروں کی حوصلہ افزائی ہے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ نئے لکھنے والوں کے تخلیقی، تنقیدی اورتحقیقی مضامین ہر شمارےمیں شامل کرسکیں۔بہر کیف! عصر حاضر میں آن لائن اردو رسالے کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ۔آن لائن رسالے سے اردو زبان و ادب کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکتا ہے۔ اگر درپیش چیلنجز کا دانشمندی سے حل نکالا جائے، تو یہ پلیٹ فارم اردو زبان کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔
نیک تمناؤں کے ساتھ