پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین
ادرایہ
ماہ مئی ۲۰۲۵
اردو کی نئی بستی : فجی
فجی(Fiji) ، جسے جزیروں کا ملک بھی کہاجاتاہے ۔ یہ بحرالکاہل (Pacific Ocean) میں واقع ہے اور آسٹریلیا کے شمال مشرق میں ہے۔سیاحت کے اعتبار سے فجی مقبول سیاحتی مقام ہے، سیاحت یہاں کی سب سے بڑی اقتصادی طاقت ہے۔تہذیبی اور ثقافتی لحاظ سے بھی یہ ملک ثروت مندہے ۔ یہاں کئی نسلوں اور قوموں کے افراد آباد ہیں ۔اسی لیے ان کی تہذیبی رنگارنگی بھی قابل دید ہے۔خاص طور پر ہندستانی تہذیب باعث کشش ہے ۔کیونکہ ہندستان سے جبراً منتقل کیے جانے والوں کی کثیر آبادی یہاں موجود ہے جو اپنی لسانی اور ثقافتی شناخت کو زندہ رکھے ہوئی ہے ۔ہندی الاصل فجی باشندے اب بھی اردو اور ہندی بولتے ہیں ۔
اردو کی نئی بستیوں میں فجی ایک ایسا ملک جہاں اسکول کی سطح پر 300 سو سے زائد اردو اساتذہ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ یہاں اردو تعلیم و تدریس کے ساتھ ساتھ تصنیف و تالیف کا بھی سلسلہ جاری ہے ۔اردو کے ان مہجری ادیبوں کی جانب کم ہی لوگوں نے توجہ دی ہے۔ یہ تقریباً ڈیڑھ سو سال پر محیط طویل تہذیبی، ثقافتی اور ادبی تاریخ ہے ۔ 1879 سے 1916 کے درمیان، برطانوی نوآبادیاتی دور میں ہندوستان سے مزدوروں کو گنے کے کھیتوں میں کام کرنےکے لیے فجی لایا گیا۔ مستند حوالوں کے مطابق تقریباً 60,000 سے زائد ہندوستانی مزدور اس مدت میں فجی پہنچے۔ان میں اکثریت کا تعلق اتر پردیش اور بہار سے تھا، جن کی زبان اردو اور ہندی تھی۔ یوپی اور بہار کے علاوہ جنوبی ہندستان سے بھی لوگوں کو ہجرت پر مجبور کیا گیا ۔ موریشس کی طرح یہ لوگ بھی وہیں کے ہو کر رہ گئے اور انھوں نے اپنی تہذیب و ثقافت کو اپنی زبان کے سہارے زندہ رکھا ۔
فجی میں کئی زبانوں کی طرح اردو ایک اقلیتی زبان ہے، اور اسے بنیادی طور پر فجی میں آباد ہندوستانی مسلم بولتے ہیں۔ فجی کے ہندوستانی مسلمانوں نے اردو کو مذہبی اور ثقافتی زبان کے طور پر قائم رکھا ہے۔مساجد میں خطبے ارود زبان میں ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ عید میلاد النبی کے موقعے پر نعتیہ محافل کا انعقاد اور محرم کے موقعے پر مراثی کی مجلسوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔اردو میں مذہبی کتابیں اور شاعری کا رواج ہے ۔ اسکول کی سطح تک اردو تعلیم کا نظم ہے ۔ کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر اردو تعلیم کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔’’ انجمن اساتذۂ اردو ، فجی‘‘ ان کی تنظیم ہے جس کے تحت مستقل اردو کے پروگرام منعقد کرائے جاتے ہیں ۔ ماہ رمضان میں باضابطہ مذہبی پروگراموں کو ریڈیو کے ذریعے نشر کیا جاتا ہے ۔
ان دنوں جناب ماسٹر گل شیر اشرفی اس انجمن کے صدر ہیں اور جناب
خوشی ہے کہ ورلڈ اردو ایسوسی ایشن، نئی دہلی کے اشتراک سے کئی تربیتی ورکشاپ اور سیمنار کا انعقاد کیا گیا ہے اور کئی سطحوں پر تعاون و اشتراک کا عمل جاری ہے ۔