You are currently viewing صبیحہ صدف کی غزل  میں عشق کی مختلف کیفیات کا ذکر

صبیحہ صدف کی غزل  میں عشق کی مختلف کیفیات کا ذکر

ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی

صبیحہ صدف کی غزل  میں عشق کی مختلف کیفیات کا ذکر

صبیحہ صدف اردو ادب کی نامور شاعرہ اور معلمہ ہیں، جنہوں نے اردو غزل، نظم، اور رباعی میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔ ان کا اصل نام صبیحہ اور تخلص “صدف” ہے۔ انہوں نے اردو اور اکنامکس میں ماسٹرز، بی ایڈ، ایم ایڈ، اور فارسی میں ڈپلومہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم میں تدریس سے وابستہ ہیں اور بزمِ صدف رائسین مدھیہ پردیش کی بانی بھی ہیں۔ ان کی تخلیقات میں مجموعئہ غزل “صدف” اور “گوہرِ صدف” شامل ہیں۔ انہیں مدھیہ پردیش اردو اکادمی کا “جانثار اختر صوبائی اعزاز 2022″، اردو ادب ودیشہ کی طرف سے “آنند شریواستو سمان 2022″، اور راشٹریہ ساہتیہ پریشد کی جانب سے “ناری گورو سمان 2018” اور “آدرش شکشک سمان 2019” جیسے اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ غزل ان کی پسندیدہ صنف ہے، جس میں انہوں نے فلسفیانہ افکار و خیالات  کا اظہار کیا ہے۔

صبیحہ صدف کی غزل  میں عشق کی مختلف کیفیات کا ذکر جابجا ملتا ہے یہ مصرع “ہوش و خرد سے دور دور وہم و گماں کے آس پاس” ان کی فنکارانہ مہارت، خوبصورت  جذبات کی عکاسی  اور ان کی منفرد اسلوب کی نفاست کو نمایاں کرتا ہے۔ صبیحہ صدف نے اپنی  اس غزل میں عشق، درد، تنہائی اور تصوراتی ماحول کو خاص انداز سے پیش کیا ہے۔ ہر شعر میں محبوب کے قرب و بُعد اور عشق کے مختلف مراحل کی تصویر کشی خوبصورت انداز میں کی گئی ہے۔

غزل کی ابتدا ہی میں صبیحہ صدف نے دل کی کیفیت اور محبت میں انسان کے گم ہوجانے کا ذکر کیا ہے، جو کہ عشق میں مبتلا ہر انسان کے لئے ایک معروف تجربہ ہے، صبیحہ صدف کہتی ہیں:

ہوش و خرد سے دور دور وہم و گماں کے آس پاس

کرتا ہے دل طواف کیوں دشمن جاں کے آس پاس

یہاں صبیحہ صدف نے “دشمن جاں” کا استعمال بڑے خوبصورت انداز میں کیا ہے، جو محبوب کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس شعر میں  عشق کی شدت اور خود کو بھلا دینے کا عنصر یہاں نمایاں طور پر دکھائی دیتا ہے۔

اپنے ایک اور شعر میں شاعرہ محبت میں قید جیسے احساسات  کو بیان کرتی ہیں، جہاں محبوب کی یاد میں خود کو بھول جانا اور اردگرد کے لوگوں سے بے نیازی واضح طور پر نظر آرہی  ہے، یہ شعر ملاحظہ کیجیے:

محو خیال یار ہوں مجھ کو غرض کسی سے کیا

رہتا ہے اک حصار سا اب جسم و جاں کے آس پاس

یہاں صبیحہ صدف نے عشق میں گرفتاری کو خوبصورت انداز  اور منفرد اسلوب  میں بیان کیا ہے، جہاں یار دوست  کا خیال ایک دائمی حصار کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ رشتے کے بارے میں شاعرہ کہتی ہیں:

تجھ سے ہےمیرا کچھ نہیں رشتہ تو پھر بتا مجھے

رہتا ہے تو مقیم کیوں اس دل و جاں کے آس پاس

صبیحہ صدف کی اس غزل میں عشق کی جذباتی شدت اور اس کی عکاسی بہت ہی مہذب انداز میں کی گئی ہے۔ ان کا اندازِ بیان نرم اور پر اثر ہے۔ اسلوب میں سادگی اور گہرائی ہے جو کہ قاری کے دل کو چھو لیتی ہے۔ ہر شعر میں جذبات کی شدت کے ساتھ ایک مخصوص خیالی فضا محسوس ہوتی ہے۔ اس کی مثال  صبیحہ صدف  کے درج ذیل اشعار میں ملتی ہے:

عشق کا یہ جنون ہے وحشتوں  میں سکون ہے

پہرا لگا ہے درد کا آہ و فغاں کے آس پاس

یہاں صبیحہ صدف نے عشق کے درد میں پائے جانے والے سکون کو خوبصورت انداز میں  بیان کیا ہے، جو کہ عشق و محبت اور عاشق و محبوب کے پیچیدہ جذبات کا ایک نیا رخ سامنے لاتا ہے۔ “پہرا لگا ہے درد کا” ایک خوبصورت استعارہ ہے جو عشق کے دردوکرب کی نشاندہی کرتا ہے۔

غزل کے آخری شعر میں شاعرہ نے اپنے دل کی کیفیت کو “سوز نہاں” یعنی چھپے ہوئے درد کے ساتھ جوڑ کر ایک خوبصورت انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے،  یہ شعر ملاحظہ کیجیے:

لگتا ہے اے صدفؔ ترے عشق نے پا لیا عروج

ٹھہرا ہوا ہے دل ترا سوز نہاں کے آس پاس

یہاں صبیحہ صدف نے عشق کو ایک بلندمقام  پر پہنچنے کا استعارہ پیش کیا ہے، جو کہ عشق میں کامل اور کامیاب  ہونے کا احساس دلاتا ہے۔ اس شعر سے شاعرہ کی داخلی کیفیت، درد، اور محبت کی شدت کا اظہار ہوتا ہے۔ محفل جاں کے بارے میں صبیحہ صدف کہتی ہیں:

بس ہو نگاہ ملتفت جان و جگر بحال ہوں

بیٹھے ہیں ملتجی سبھی محفل‌ جاں کے آس پاس

خلاصہ کلام یہ ہے کہ صبیحہ صدف کی یہ غزل ایک منفرد رنگ اور گہرائی پر مبنی بہترین شاعری ہے۔ ان کے اشعار میں عشق و محبت  کی مختلف کیفیات کو محسوس کیا جا سکتا ہے۔آپ کی  غزل کا ہر شعر اپنے اندر ایک داستان سموئے ہوئے ہے، اور یہ شاعرہ کی فنی مہارت اور ادبی شعور کو ظاہر کرتا ہے۔ صبیحہ صدف کی  اس غزل میں محبت اور درد کی جو گہرائی ملتی ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ شاعرہ نے عشق کے جذبات کو نہایت عمیق اور موثر انداز میں بیان کیا ہے۔

ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی کا تعلق خیبرپختونخوا چترال سے ہے آپ اردو، انگریزی اور کھوار زبان میں لکھتے ہیں ان سے اس ای میل rachitrali@gmail.com  اور واٹس ایپ نمبر 03365114595  پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

Leave a Reply