You are currently viewing مسلم مجاہدین آزادی(آزادی کا امرت مہوتسو)

مسلم مجاہدین آزادی(آزادی کا امرت مہوتسو)

ڈاکٹر سہیم الدین خلیل الدین صدیقی

مسلم مجاہدین آزادی(آزادی کا امرت مہوتسو)

کتاب     :        مسلم مجاہدین آزادی(آزادی کا امرت مہوتسو)

مصنف  :        پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال جاوید

صفحات  :        160

قیمت    :        180

اشاعت  :        2023

ناشر     :        اپلائیڈ بک نئی دہلی۔

مبصر     :        ڈاکٹر سہیم الدین خلیل الدین صدیقی (اورنگ آباد ،دکن)

                  اسسٹنٹ پروفیسر شعبۂ اردو(ایس آر ٹی ایم، امباجوگائی)

         ہندوستان کی تاریخ میں ہمیشہ سے مسلم مجاہدین آزادی کا باب روشن رہا ہے۔ پھر چاہے وہ ۱۸۵۷؁ءکی بغاوت آزادی کی تاریخ ہو یا ۱۹۴۷؁ء کا معاملہ ہو،‘‘ مسلم مجاہدین آزادی’’ کا کردارانتہائی سرگرم و اعلیٰ رہا ہے۔جن رہنمائے ہند نے ملک کی آزادی میں اپنی جان و مال کی قربانیاں دی ہیں ان میں بطورمسلم مجاہدین بہادرشاہ ظفر، ٹیپو سلطان، فضل الحق خیرآبادی ، محمدعلی جوہر، خان عبدالغفار خان ، سرسید احمد خاں وغیرہ قابل ذکرہیں۔نیز ان کے علاوہ مسلم خواتین کے نام بھی آزادی ہند کی تاریخ میں سنہرے اوراق کا درجہ رکھتے ہیں۔لہٰذاجن خواتین نے آزادی ہند کی لڑائی میں حصہ لیا ان میں بیگم حضرت محل، بیگم حسرت موہانی اور ثریا طیب جی وغیرہ خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔لہٰذا اس عنوان کو ذہن میں رکھ کر یوم آزادی کی ۷۵ویں سالگرہ کے موقع پر پروفیسرمحمد اقبال جاویدنیـ‘‘مسلم مجاہدین آزادی’’ کے عنوان سے اس کتاب کو ترتیب دینے کا مسلم ارادہ کیا۔

         ‘‘مسلم مجاہدین آزادی’’ سے قبل صاحب مرتب کی کم و بیش آدھا درجن سے زائد کتابیں منظر عام پر آکرقومی و عالمی سطح پر مقبولیت کادرجہ حاصل کر چکی ہے جن میں بالخصوص‘‘اقبال کی اردو شاعری میں تلمیحات واستعارات’’، ‘‘آبگینہ’’، ‘‘مہاتماگاندھی کے افکار’’اور‘‘ آزادی کے بعد اردو شاعر ی ’’ قابل ذکر ہیں۔

         زیر تبصرہ کتاب ‘‘مسلم مجاہدین آزادی’’ظاہری و باطنی طورپر سارے ہندوستان کے لئے بیش بہاسرمایہ ہے جس کے افتتاحی کور پیج پرلال قلعہ، قطب مینار ،انڈیا گیٹ اوربیک گراونڈ میں بھارت کی دھندلی سی تصویر کے ساتھ مسلم مجاہدین آزادی کی تصاویرچسپا ہیں۔ جبکہ بیک کورپر عالی جناب پروفیسرو صدر شعبۂ اردو،ڈاکٹر ساجدعلی قادری ایس پی ڈی ایم کالج شیرپورضلع دھولیہ کی صاحب مرتب پروفیسر ڈاکٹر محمداقبال جاویدکے بارے میں نیک خواہشات و آرائیں ہیں۔ بعد ازاں اس کتاب کی باطنی خوبیوں کی بات کی جائے تو صاحب مرتب نے اس کتاب کا انتساب اپنے فرزند ثقلین کے نام کیا ہے جب کہ اگلے صفحات میں جملہ اکیس مضامین پر مشتمل فہرست اور پیش گفتار شامل ہیں۔

         کتاب ‘‘مسلم مجاہدینِ آزادی’’ کی فہرست کچھ اس طرح ہے کہ سب سے پہلے پیش گفتاراز پروفیسرڈاکٹر حمیداللہ خان پھر مشمولہ مضامین میں شیرمیسور:ٹیپوسلطان (پروفیسرڈاکٹرمحمد اقبال)،تحریک آزادی میں خواتین کا حصّہ (پروفیسرساجد علی قادری)، مجاہد آزادی عبدالعزیز نظامی (پروفیسروحید نظامی)، مجاہدآزادی علامہ فضل الحق خیرآبادیؒ (ڈاکٹر عتیق احمد ہنگولوی)،بیگم حضرت محل :لڑاکاخاتون(ڈاکٹر ہماکوثر)،اردو زبان و ادب اور تحریک آزادی( ڈاکٹر سکینہ امتیاز خان)،مولانا ابوالکلام آزاد(ڈاکٹر شائستہ تبسم)، مولاناابوالکلام آزادکاتصور تعلیم(ڈاکٹر عبدالرحیم ملاّ)،مجاہد آزادی مولانا حسرت موہانی(ڈاکٹر گلناز بیگم)، ملک کی آزادی میں مسلم خواتین کا حصّہ(ڈاکٹر ڈرّانی ایس ایم)،جوہر آزادی: محمد علی جوہر(ڈاکٹر سہیم الدین خلیل)،ثریا طیب جی(ڈاکٹر ثریا بیگم)، ہندوستانی تحریک کی جنگجوخواتین ( ڈاکٹر واسیعہ بیگم)، سرسید احمد خاں : مصلح قوم(ڈاکٹر محمد ناصر باغبان)، بہادر شاہ ظفراور ۱۸۵۷؁ءکا غدر(خاٹک عبدالرحیم)،حسرت موہانی کی اسیرانہ زندگی(شیخ مزمل)،مولانا ابوالکلام آزاد: آزادی کامتوالہ (نکہت انجم)،مجاہدآزادی اشفاق اللہ خان(عارف خان)، ذاکر حسین:علم ،ادب اور سیاست کی روشنی میں(نعم النساء بیگم)، اقبال کی شاعر ی میں آزادی کا تصور(میمونہ تحسین)،مجاہد آزادی خان عبدالغفار خان( ثانیہ خاتون عزیزخان)شامل کتاب ہیں۔

         زیر تبصرہ کتاب کے مشمولہ مضامین کی بات کی جائے توان مضامین کوہم دو حصوں میں منقسم کر سکتے ہیں ایک مرد اوردوسرا خواتین مسلم مجاہدین آزادی ۔لہٰذاکم و بیش اس کتاب میں پچیس سے زائد مردو خواتین مسلم مجاہدین آزادی کا تذکرہ بڑی خوبصورتی سے بیان کیاگیاہے جس میں نہ صرف کتاب کے مذکورہ مضامین میں مسلم مجاہدین آزادی کی مثالی زندگی نظرآتی ہے بلکہ اس مثالی زندگی کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی تاریخی فضا بھی انتہائی واضح طور پر دکھائی دیتی ہے۔جو اس کتاب کوایک تاریخی تصنیف ہی نہیں بناتی بلکہ یہ ایک تاریخی ضمیمہ کے طورپر بھی قارئین کے سامنے آتی ہے۔ الغر ض اس کتاب میں جن مرد و خواتین مسلم مجاہدین آزادی تذکرہ بیان کیا گیا ہے وہ حسب ذیل ہیں ٹیپوسلطان،عبدالعزیز نظامی، علامہ فضل الحق خیرآبادی،مولانا ابوالکلام آزاد، مولاناحسرت موہانی،محمد علی جوہر،سر سید، بہادرشاہ ظفر،اشفاق اللہ خان،ذاکر حسین،اقبال اور خان عبدالغفار خان اور خواتین مسلم مجاہدین آزادی میں بیگم حضرت محل ،عزیزن رقاصہ، زلیخا بیگم، عبادی بانوبیگم بہ لقب بی اماں، امجدی بیگم، زبیدی دالودی ، بیگم خورشید،سعادت بانو کچلو،نشاط النساء بیگم، حبیبہ بیگم ، حاجی بیگم، نازنین، اصغری بیگم شامل تصنیف ہیں۔البتہ یہ کتاب تاریخ ادب ہند میں روشن مینا ر کا کام انجام دیتی ہے۔جسکا ہر مضمون نئی جہت ونئی تحریک سے قارئین کو اپنی طرف گامزن کرتا ہے جونئے لکھاری ، نئے محققین ومورخین کے لیے نئی راہیں استوار کرنے میں کوشا ہے۔ہر ملکی و بین الملکی افراد کی معلومات میں اضافہ کرنے کے لیے یہ کتاب کم قیمت میں رعایت کے ساتھ سافٹ اور ہا رڈکاپی کی صورت میں اہل ذوق قارئین کوانشاء اللہ بآسانی دستیاب ہوسکتی ہے ۔حصول کی فرہامی کے لیے ہرقاری صاحب مرتب عالی جناب پروفیسر ڈاکٹرمحمداقبال جاوید،صدر شعبہ اردو،شیواجی کالج ہنگولی، مہاراشٹرسے رابطہ قائم کر سکتاہے۔

Dr. Sahimoddin Khaliloddin Siddiqui (Aurangabad Deccan)

Plot No. 12, Radhaswami Colony, Ekta Nagar,

Jatwada Road, Harsul Aurangabad, Maharashtra,

India. 431001.

Mob: 8087933863

Email: sahimoddins1@gmail.com

٭٭٭

Leave a Reply