You are currently viewing ایک لفظ

ایک لفظ

ڈاکٹر محسن خالد محسن،لاہور

ایک لفظ

میں نے سیکھا ہے
ایک لفظ
جس میں
ساری کائنات کا فلسفہ
چھپا ہے

اِس لفظ کی گہرائی
سمندر سے زیادہ ہے
اِس کی اُٹھان
پہاڑوں سے بلند ہے
اِس کی وسعت
اَفلاک سے بڑھ کر ہے

اِس لفظ میں وہ سب کچھ ہے
جو دُنیا نے
مثالی سمجھا ہے

اِس لفظ کے ہونے سے
سب کچھ ممکن ہے
اِس لفظ کے نہ ہونے سے
کچھ بھی ممکن نہیں

یہ لفظ
اپنے اندر
ایک خدا رکھتا ہے
لیکن
یہ لفظ
خدا نہیں ہے

یہ لفظ
ایک دروازہ ہے
جو ہر اُمید کو
حقیقت میں بدل دیتا ہے
اور ہر حقیقت کو
ایک خواب کی صورت  دیتا ہے

یہ وہ لفظ ہے
جو تمہارے قلب سے پھوٹتا ہے
اور روح میں موجزن رہتا ہے

یہی لفظ
انسان کو انسان بناتا ہے
یہی لفظ
سب سے بڑا معجزہ ہے

اگر تم چاہو
تو یہ معجزہ
تم پر بھی
وارد ہو سکتا ہے

Leave a Reply