شمارہ ۔۳،جلد ۔۵
مئی ۲۰۲۳
اداریہ
موسم گرما کی ابتدا ہوچکی ہے ۔یہ تعطیلات کابھی موسم ہے اور بہت اہم منصوبے کی تکمیل کا بھی یہی موسم ہے ۔ اسی لیے دنیا بھرکئی ادارے اور تنظیمیں ورکشاپ ، تربیتی کلاسیز اور کئی طرح کا اہتمام کرتے ہیں ۔ اردو زبان و ادب کے حوالے سے بھی کئی اداروں اور تنظیموں کے ذریعے اس طرح کے اہتمامات ہوتے ہیں۔ ورلڈ اردو ایسوسی ایشن نے بھی ہر سال کی طرح اس سال بھی اس کی ابتدا کردی ہے ۔ اقدام اول کے طور پر جزیرہ فیجی میں اردو کے اساتذہ کے لیے اس ماہ کے تیسرے ہفتے میں تدریس نثر و نظم کے لیے آن لائن ورکشاپ کا انعقاد کیاجارہاہے۔ ۔۔۔ بہت کم احباب کو یہ معلوم ہے کہ فیجی جزیرے میں اردو کی تدریس کا اسکول کی سطح پر بڑے پیمانے پر نظم ہے ۔ لیکن اعلیٰ تعلیم کے لیے ابھی کوئی راہ نہیں نکل پائی ہے ۔ موجودہ صورت حال یہ ہے کہ یہاں تقریباً ڈھائی سو اردو اساتذہ موجود ہیں اور ان کی ایک فعال تنظیم بھی ہے ۔” انجمن اساتذہ اردو ، فیجی” جناب شیر گل صاحب اس کے صدر ہیں اور جناب عبداللہ شہزاد اس کے سیکریٹری ہیں ۔اکثر تعلیم و تدریس کے سلسلے میں ان سے تبادلہٴ خیال ہوتارہتا ہے۔ ان کی کوششوں کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ان کے اندر اردو زبان کے لیے کس قدر محبت ہے ۔۔۔۔ اس اداریے میں فیجی میں اردو تدریس کا ذکر اس لیے کیا جارہا ہے تاکہ احباب ان سے متعارف ہوں اور ممکنہ طور پر دور افتادہ اردو احباب کو تعلیمی مواد فراہم کرنے میں معاونت کریں۔
فیجی کی طرح اور بھی کئی ایسے ممالک ہیں جہاں اردو کے فروغ کے لیے بنیادی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے ۔ ۔ ورلڈ اردو ایسوسی ایشن، نئی دہلی ان کی جانب بھی متوجہ ہے اور ممکنہ تعاون بھی پیش کررہا ہے ۔اس طرح کے آن لائن رسالے بھی ان کے لیے کافی ممد و معاون ہوتے ہیں ۔کافی ذوق و شوق سے ایسوسی ایشن کا یہ ادبی ترجمان اہل اردو میں پڑھا جاتا ہے ۔ لہذا اہل علم سے گذارش کی جاتی ہے کہ اپنے مضامین سے اس آن لائن جریدے کو ثروت مند بنائیں ۔
اس شمارے میں شامل تمام مضامین اپنی نوعیت کے اعتبار سے کافی اہم ہیں ۔ اس شمارے کے اہل قلم احباب کی خدمت میں ہدیہ ٴ تبریک پیش کرتا ہوں ۔ نئی نسل کے کئی اسکالر اس قافلے میں شامل ہیں ۔ ان کی قوت تخلیق و تصنیف کو دیکھتا ہوں تو خوشی ہوتی ہے کہ نئی نسل میں ایسے جواہر موجود ہیں ۔
امید کرتا ہوں کہ احباب کا علمی تعاون یونہی ملتا رہے گا ۔۔۔۔۔ شکریہ
(خواجہ محمد اکرام الدین )