عمر فاروق
ریسرچ اسکالر،ہندوستانی زبانوں کا مرکز
جواہر لا ل نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی
پہاڑی زبان کا آغازوارتقا : ایک تاریخی جائزہ
ہندوستان کو زبانوں کا عجائب گھر کہا جاتا ہے وہ اس لیے کیوں کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہاں دنیا کی مختلف اقوام اور قبیلوں کا آنا جانا لگا رہا ۔یہ قومیں اور قبیلے مختلف زبانیں لے کر اپنے سماجی وسیاسی، معاشرتی اور تجارتی حصول کی خاطر ہندوستان میں وارد ہوتی رہی ۔مادروطن ہندوستان میں بولی جانے والی دوسری زبانوں کی طرح ایک زبان پہاڑی بھی بولی جاتی ہے۔پہاڑی زبان کے متعلق عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ زبان تاریخی ہمالیہ پہاڑ کے مشرقی حصے میں آباد لوگوں کی زبان ہے جن میں ہماچل پردیش اور ریاست جموں وکشمیر کے پہاڑی علاقے حاص طور پر شامل ہیں۔پہاڑی زبان کے ایک ماہر ادیب اور محقق جناب نذیر مسعودی صاحب اپنی زبان کے متعلق یوں رقم طراز ہیں:
“پہاڑی زبان دا ابتدائی تہ اصل ناں “ہند کو” ہے لفظ ہند تھیں مراد ہندوستانی ہور کو “تھیں مراد کوہ “یعنی پہاڑ اس طراں مجموعی طور” ہند کو” تھیں مراد ہندوستانی پہاڑاں بچ بولے گین والی زبان ہے ۔”1؎
اگر لسانیات کے تناظر میں بات کی جائے تو ماہر لسانیات نے دنیا میں بولی جانے والی تمام زبانوں کو آٹھ گروہ میں تقسیم کیا ہے جن میں 1۔سامی2۔ ہند چینی، 3۔دراوڑی ۔ 4منڈا 5 ۔ بانتو 6 ۔ امریکی 7۔ ملائی اور 8۔ ہند یورپی شامل ہیں۔ان میں سے زبانوں کے آٹھویں خاندان ہند یورپی خاندان کو بڑی مقبولیت حاصل ہے اور اگے چل کریہ خاندان ہند یورپی سے ہندآرائی کا نام اختیار کر لیتا ہے ۔برصغیر ہند پاک میں بولی جانے والی تمام زبانیں اس ہند یورپی خاندان سے ہی تعلق رکھتی ہیں۔اردو کے ساتھ پہاڑی بھی زبانوں کے اس ہند یورپی خاندان کی ہی چشم و چراغ ہے اور ہندوستان کی قدیم زبانوں میں سے ایک زبان ہے ۔ ایک مشہور مسٹر بینMR.BEIN نامی ماہر لسانیات نے پہاڑی زبان کو ہند آرائی زبانوں کی شاخ بتاتے ہوئے اسے مزید تین شاخوں میں تقسیم کیا ہے ۔مسٹر بین کے مطابق وہ تین شاخیں کچھ اس طرح ہیں :
1۔ مشرقی پہاڑی :۔ پہاڑی زبان کی یہ شاخ نیپال میں بولی جاتی ہے اور وہاں کے مقامی لوگ اسے
“خشورہ” کے نام سے پکارتے ہیں۔
2۔ وسطی پہاڑی :۔پہاڑی زبان کی یہ شاخ اتراکھنڈ میں بولی جاتی ہے اور وہاں کے مقامی لوگ اسے
“گڑوالی اور کومنی” کے نام سے پکارتے ہیں۔
مغربی پہاڑی :۔مسٹر بین کے مطابق پہاڑی زبان کی یہ تیسری اور اہم شاخ ہے جو ریاست ہماچل پردیش،
جموں و کشمیر کے علاوہ سرحد کے پار آزاد کشمیر ،مری،ہزارہ اور پشاور میں لہجوں کے فرق کے ساتھ بولی جاتی
ہیں ۔ اس تقسیم بندی کے بعد موصوف فرماتے ہیں پہاڑی زبان کے لوگ اس عظیم قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں
جو ریاست جموں و کشمیر میں پیر پنجال کے جنوبی حصے مثلا ہزارہ ‘کوہ مری’ مظفرآباد’میرپور’ جموں اور کٹھوعہ
سے لے کر ریاست ہماچل پردیش کے بلند علاقوں سے ہوتے ہوئے گڑھوال اور پھر نیپال کے پہاڑی خطوں
تک آباد ہیں۔مزید ان کا کہنا ہےتھوڑا مقامی فرق اور رنگ و روپ چھوڑ کر ان لوگوں کی تہذیب ‘تمدن’اور
سماجی زندگی بسر کرنے کے اطوار میں کافی آہنگی اور یکسانیت پائی جاتی ہے جو ان کی وحدت کا جیتا جاگتا ثبوت ہے “۔2؎
ڈاکٹر محی الدین قادری زور ؔ اپنی مشہور تصنیف ‘ ہندوستانی لسانیات’ میں ہند آرائی خاندان کی تمام زبانوں کو جن میں پہاڑی بھی شامل ہے ‘پراکرتیں ‘ بتاتے ہیں اور پہاڑی زبان کا اصلی وطن ہندوستان کا جنوب مغربی حصہ یعنی گجرات اور راجستھان وغیرہ بتاتے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب کے اس بیان سے یہ بات ضرور واضع ہوتی کہ یہ سنگلاخ پہاڑوں گھنیرے جنگلوں اور سرسبز گھاٹیوں پر بسنے والے لوگوں کی زبان ہےجس کو ہم پہاڑی کہتے ہیں اور اس کا شمار ہندوستان کی دوسری قدیم ترین زبانوں میں ہوتا ہے ۔ڈاکٹر موصوف کی ہی طرح ایک اور ماہر لسانیات سر جارج گریرسن نے بھی پہاڑی زبان کو گھاشہ قبیلوں کی زبان کہا ہے ۔وہ اس طرح لکھتے ہیں ۔
“پہاڑی زبان ہند آرانی خاندان کی ہند آرائی شاخ کے بجائے پشاچہ کی اولاد ہے اور پہاڑی بولنے والے یہ گھاشہ
قبیلے ہمالیہ پہاڑ کے مغربی علاقوں سے لیکر مشرقی علاقوں میں پھیلے ہوئے ہیں”۔3؎
پہاڑی زبان کی ابتدا کے بارے میں ایک قیاس آرائی یہ بھی کی جاتی ہے کہ یہ زبان زمانہ قدیم کی مشہور سلطنت موریہ سلطنت کے تیسرے بہادر اور مشہور بادشاہ اشوک کے دور کی پیداوار ہے ۔ جب سنسکرت عوامی بول چال سے دور چلی گی اور عوام کے جذبات خیالات اور افکار کا زریعہ نہ رہی تو اس وقت مقامی پراکرات کی مدد سے ایک نئی زبان پیدا ہوئی جو وعوام کے اظہار و خیال کا زریعہ بنی ۔ بدھ مت کے رہنماؤں اور پیروکاروں نے اسے اپنے مذہبی افکارو خیالات کے اظہار کا وسیلہ بنایا جو بعد میں کافی حد تک معاون ثابت ہوئی۔اسی خیال کو مذید مستحکم بناتے ہوئے پہاڑی زبان کے ایک مایہ ناز محقق خوش دیو مینیؔ لکھتے ہیں ۔
“اس زبان دی پر چول بیچ پتہ چلتا ہے کہ ایہہ زبان شہنشاہ اشوک نے دور بیچ وی بولی تہ سمجھی بھی جانی سی۔
اس زبان کو بدھ مذہب نے پیروکاراں اپنے دھرم کی عوام بیچ پھیلانے واسطے اپنائی لیا۔ انہاں اس زبان نے
سہارے اپنے دھرم کی نیپال تھیں لئی کے کشمیر تکر پھیلایا۔ مظفر آباد دے نیڑے دریاے مدھومتی تہ دریاے
کشن گنگا نے جوڑ تہ شارد پیٹھ یونیورسٹی قائم کی، جتها تبت ، نیپال تہ ہماچل نے بدھ بھکا دھ بھکشو بدھ مت کی
پھیلانے نیاں سبیلاں سوچدے سن۔ اس سوچ نے ہک نویں زبان کو جنم دتا۔ ایہہ ہی زبان پہاڑی ہے۔”4؎
زبان کے وجود کے بعد سب سے اہم مسئلہ جو درپیش اتا ہے وہ اس کے رسم الخط کا مسلئہ ہوتا ہے جس ر سم الخط کو استعمال کرتے ہوئے اس زبان میں ادب کی تخلیقات کا کام انجام دیا جا سکے ۔ چونکہ پہاڑی زبان ایک وسیلہ اظہار کے طور پر وجود میں آئی جس کا سہارا لیتے ہوئے بدھ مت کو کشمیر میں فروغ دیا گیا۔یہ مسلم شدہ حقیقت ہے کہ شہنشاہ اشوک کے دور میں کشمیر میں اس مذہب کو عروج حاصل تھا اور بدھ مذہب کے بڑے بڑے عقیدت مند اور ماننے والوں کا آنا جانا یہاں لگا رہتا تھا ۔پہاڑی لوگوں اور ان کی زبان کے تابناک ماضی اور تاریخ کی ورق گردانی کرنے کے بعد یہ سوراغ ملتا ہے کہ دریائے کشن گنگا کے بائیں جانب ایک علاقہ ”دراوہ ” ہے جس میں ایک گاؤں شاردا کے نام سے آج بھی آباد ہے یہاں بدھ مذہب کے پرچار کے لے ایک تعلیمی مرکز شاردا پیٹھ کے نام سے قائم کیا گیا تھا ۔شاردا پیٹھ کو دنیا بھر میں کافی مقبولیت حاصل ہوئی اور یہاں اس مذہب کی کھوج اور تحقیق کے لیے کام شروع ہوا۔دنیا کے مختلف علاقوں سے بدھ عالم یہاں آتے اور فیض حاصل کرتے تھے ۔ یہ سب دیکھ کر بدھ عالوں کو اس زبان کے رسم الخط کی فکر لاحق ہوئی جس کو یہ اپنے مذہب کے پرچار کے لے استعمال کرتے تھے ۔چنانچہ کافی سوچ بچارکے بعد انھوں نے اس نئی تعلیمی زبان کے لے ایک نیا اور آسان رسم الخط ایجاد کیا جس سے شاردا لپی کا نام دیا گیا ۔ بعد میں اسی نئے رسم الخظ کا استعمال کرتے ہوئے بدھ مذہب کی کتابوں کو بھی مرتب کیا گیا ۔
بعض تاریخی کتب میں اس رسم الخط کو ”ٹاکری ”اور لنڈا” رسم الخط کے نام سے پکارا گیا ہے ۔ پہاڑی زبان میں اسے ‘ ‘ ٹندے منڈے’ ‘ کے نام سے مقبولیت حاصل ہوئی ۔یہ ر سم الخط بائیں سے ڈائیں کی جانب لکھا جاتا تھا۔ ریاست جموں و کشمیر کے پرانے مہاجن آج بھی اپنے بہی کھاتوں کا حساب اسی رسم الخط میں رکھتے ہیں۔لیکن یہ رسم الخط جس کو بدھ مہذب کے ماننے والوں میں کافی مقبولیت حاصل تھی مسلمانوں میں اپنے عروج کو اسی طرح برقرار نہ رکھ سکا ۔جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اس زبان کا قدیم ادب وقت کی نذر ہو گیا ور آج با لکل نایاب ہے ۔پہاڑی زبا ن کا کلاسیکی ادب جو آج دستیاب ہے وہ فاری رسم الخط میں ہے ۔اس زبان میں طبع آزمائی کرنے والوں کو وقعتا ًفوقعتاً رسم الخط کے مسائل سے ضرور دوچار ہونا پڑا مگر ماں بولی کے تیئں انتھک محبت اور لگن نے انھیں رسم الخط کے اس سنجیدہ مسلئہ کو حل کرنے میں کامیابی دی ۔اس حوالے سے جموں و کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈلینگویجز کے پہاڑی شعبہ جس کا قیام 1978ء کو عمل آیا تھا ‘یکم اگست 1978ء کو ہنگامی بنیادوں پر ایک Script Standardization Committee نامی کمیٹی کو تشکیل دیا جس میں رسم الخط کے معملات پر بحث ومباحث کے بعد متفقہ طور پر نامور صوفی بزرگ اور شاعر میاں محمد بحش ؒ کی مشہور زمانہ تصنیف سیف الملوک کے لیے استعمال کیے گے نستعلیق رسم الخط کو ہی پہاڑی کا رسم الخط قررار دیا گیا۔ یہ پہاری زبان و ادب کی فلاح و بہبودی کے لیے ایک تاریخی فیصلہ تھا جس کی قدر کرتے ہوئے قلم کاروں نے اس زبان میں طبع آزمائی شروع کی ۔تب سے لیکر اج تک پہاڑی شعبہ کے وسیلے سے اس زبان میں انگنت کتب کو شائع کیا گیا ۔ ان کتب کا تعلق کسی ایک صِنف سے نہیں بلکہ ادب کی مختلف اصناف مثلاً نثر میں افسانہ ،ناول ڈراما ،طنزومزاح سفرنامہ وغیرہ اور شاعری میں محبوب ترین صِنف غزل کے علاوہ نظم ،دو بیت، چار بیت،رباعی، مثنوی ،مرثیہ وغیرہ اپنے اندر سموئے ہوئی ہیں۔پہاڑی زبان و ادب کے تقریباً پچاس سالہ طویل سفر کے بعد آج ہم فخر سے یہ بات کہہ سکتے ہیں کہ ہماری زبان بھی دنیا کی دیگر زبانوں کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر اپنا ارتقائی سفر آب و تاب کے ساتھ طے کر رہی ہے ۔
حواشی :
1 ؎ کرناہی ؔ’میاں کریم اللہ قریشی ”اردو اور پہاڑی ایک تقابلی مطالعہ”
2؎ مسعودی ‘نذیر آحمد ”جموں و کشمیر کے پہاڑی لوگ”
3؎ ندیمؔ ‘میر حیدر” پہڑاس ”
4؎ پہاڑی شیرازہ
ای ۔میل UMARMIR.1237@GMAIL.COM
موبائل نمبر: 9149506616